• news

نئے پاکستان کی بنیاد رککھ دی، اپوزیشن عدماعتماد کے بعد بھی روتی رہے گی: عثمان بزدار 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ23مارچ پر قائداعظم اور مسلم لیگ کے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان سے غیر متزلزل محبت اور وفا کرنے کے عہد کی تجدیدکا دن ہے۔ پاکستان کی آزادی کی تاریخ میں 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا تقاضا کرتی ہے۔ سب کو وطن کا یہ قرض اتارنے کیلئے اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔ سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وز یراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اس اہم ترین موقع پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے بعدبھی روتی رہے گی۔ صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے سیاسی اور ترقیاتی وژن کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن