• news

آرمی چیف کی بلوچستان اور اندرون سندھ کے طلباء سے خصوصی بات چیت، سکیورٹی کو دور کر دیا 

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری، نوائے وقت رپورٹ)  یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کی تقریب کے دوران کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے میزبان کمیٹی کے سربراہ کے فرائض انجام دیئے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے خود طیارہ اڑا کر پاک فضائیہ کے فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔ پریڈ میں شریک دستوں کے بارے میں معلومات کی بہترین انداز میں فراہمی پر شرکاء نے منتظمین اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب کے اختتام پر سول سوسائٹی کے نمائندوں اور غیر ملکی مہمانوں سے خصوصی ملاقات کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کی جانب سے خصوصی طور پر مدعو بلوچستان اور اندرون سندھ کے طلبہ و طالبات سے خصوصی بات چیت کی۔ اور انہیں تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے اور سیاسی عمل میں مثبت شرکت کی تلقین کی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے آرمی چیف کو شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔ آرمی چیف نے تقریب میں بہترین انائونسر کے فرائض انجام دینے پر آئی ایس پی آر کے بریگڈیئر شفیق ملک کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔ پریڈ میں حال ہی میں چائینہ کے تعاون سے تیار کردہ جے ٹین سی طیاروں کی خصوصی شرکت اور مظاہرے نے شرکاء کے دل موہ لئے ہزاروں شرکاء نے پریڈ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جیسے ہی واپس آئے تو پریڈ کے شرکاء کی بڑی تعداد ان کے قریب آ گئی اور ان سے مصافحہ کرنا چاہا۔ آرمی چیف نے پہلے سکیورٹی کے حصار میں لوگوں سے ہاتھ ملایا تاہم اسی لمحے انہوںنے اپنی سکیورٹی کو درمیان سے پیچھے ہٹا دیا اور لوگوں سے ہاتھ ملایا ۔ آرمی چیف نے ملاقات کیلئے آنے والی لڑکیوں کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھا ۔پریڈ کے شرکاء آرمی چیف سے ملاقات کر کے انتہائی خوش دکھائی دئیے ۔علاوہ ازیں پریڈ کے بعد آرمی چیف نے پریڈ میں شرکت کرنے والے شوبز ستاروں سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں مایا علی‘ وہاج علی‘ حریم فاروق اور سجل علی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن