• news

مہنگائی مارچ کی تاریخ تبدیل اب پر سوں روانہ ہو گا ، تمام گروپ ہمارا ساتھ دینگے: حمزہ شہباز

لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی مکاؤ مارچ کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا آن لائن اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور لیگی صدر شہباز شریف نے کی۔ اجلاس میں مارچ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی اور مہنگائی مکاؤ مارچ اب 26 مارچ کو ہوگا۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے مارچ کی تاریخ تبدیلی کی اجازت دی جبکہ اس سے قبل مہنگائی مکاؤ مارچ کیلئے 24 مارچ کی تاریخ دی گئی تھی۔ مارچ اب 26 مارچ کو ماڈل ٹاؤن لاہور مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ سے روانہ ہو گا۔ رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی صورت میں سارے گروپ ہمارا ساتھ دیں گے۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکی ہے۔ عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں تمام منحرف ارکان مستعفی ہوں گے۔ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں آنے والے پیسے دراصل بزنس ٹرانزیکشن ہیں۔ وقت آنے پر یہ تمام کیس کوڑے کے ڈھیر ثابت ہوں گے۔ (ن) لیگ پرامن جماعت ہے۔ ہم 126 دن کا دھرنا نہیں دیںگے۔ دریں اثناء یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، 23مارچ کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا اور پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن