• news

والدہ سے پلاک وصول کرنا اعزاز ہے وقار یونس

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز اعزازی ٹوپی اور پلاک وصول کر کے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنے۔وقار یونس نے پاکستان کی جانب سے 373 ٹیسٹ اور 416 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ٹیموں کیخلاف 50 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ ان ٹیموں میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی وہ یہ اعزاز چار ٹیموں کیخلاف حاصل کرسکے۔ان ٹیموں میں سری لنکا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ کیلئے شاندار خدمات پر پی سی بی نے پہلے ہی قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایک انکلوژر کو وقار یونس سے منسوب کررکھا ہے۔ یہ وہ گراؤنڈ ہے جہاں وقار یونس نے 7 ٹیسٹ میچز میں 29 اور 12 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ وہ ایک ایسے موقع پر کہ جب ان کی والدہ اور اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں وہ پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ درحقیقت پی سی بی ہال آف فیم کی یہ اعزازی پلاک اپنی والدہ سے وصول کرنا ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ اپنی والدہ سے بہت متاثر تھے۔ ان کے بغیر وہ کرکٹ میں یہ سب حاصل نہ کر پاتے۔پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے خواب کی تکمیل تھا اور وہ آج بھی اس لمحے کو یاد کرکے پرجوش ہوجاتے ہیں ۔ اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کے 19 سال بعد پی سی بی کی جانب سے یہ اعزاز دئیے جانے پر وہ بورڈ کے مشکور ہیں۔ ان کیلئے فخر کی بات ہے کہ وہ اس اعزاز کی وجہ سے آج عبدالقادر، فضل محمود حنیف محمد، وسیم اکرم، جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہورہے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی لیجنڈز ہیں اورتاریخ کرکٹ کیلئے ان کی خدمات کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن