قرارداد پاکستان منظور کر کے مسلمانان برصغیر نے جداگانہ تشخص کی بنیاد رکھی: پیپلزپارٹی
لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 23مارچ دھرتی سے تجدید وفا کا دن ہے۔ یوم قرارداد پاکستان پر اپنے بیان میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اس روز جدا گانہ تشخص کی بنیاد پر الگ وطن کی تحریک شروع کی۔ عہد کریں کہ پاکستان کو آئندہ نسلوں کے لیے تمام تعصبات سے پاک ملک بنائیں گے۔ جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ قرارداد پاکستان کے ذریعے الگ وطن ملا، منزل کی جدو جہد جاری رہے گی۔ آج پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلانے کا عہد کرنا، قوم کو سچ اور جھوٹ، سیاہ اور سفید میں فرق بتانے کا دن ہے۔ سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں قیام پاکستان کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ پیپلز پارٹی آج آئین، پارلیمنٹ اورجمہوریت کی جنگ جاری رکھنے کا عزم کرتی ہے۔
پرویز اشرف