کراچی میں قصور کے تاجر سے ڈاکوؤں نے سوا کروڑ روپے لوٹ لئے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد میں ڈکیتی کی واردات میں ایک تاجر سے سوا کروڑ روپے لوٹ لیے گئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ لوٹی جانے والی رقم میں 78 لاکھ روپے کے نئے نوٹ بھی شامل تھے۔ تاجر نے 78لاکھ روپے مالیت کے 10 روپے والے نئے نوٹ خریدے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر رمضان ساتھی اور ڈرائیور سمیت گاڑی میں ایف بی ایریا 17 سے گزر رہا تھا کہ دوسری گاڑی میں سوار تین ملزموں نے شاہراہ پاکستان پر تاجر کی گاڑی روکی اور رقم چھین کر تاجر کی گاڑی میں فرار ہو گئے۔ متاثرہ تاجر قصور میں نوٹوں کے ہار بنانے کا کام کرتا ہے۔ رقم چھینے جانے کا مقدمہ سمن آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
تاجر ڈاکو