لانگ مارچ: کمیٹی قا ئم ، روٹ طے، اور مریم کیلئے کنٹیز تیار
اسلام آباد /لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مہنگائی مکاؤ مارچ کے انتظامات کیلئے کمیٹی بنا دی۔ مسلم لیگ ن اعلامیہ کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری 6 رکنی کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر مقرر کئے گئے ہیں۔ کمیٹی مہنگائی مکاؤ مارچ کے راولپنڈی‘ اسلام آباد میں انتظامات کرے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ جلسہ کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا حتمی روٹ اور جگہ طے کرلی گئی ہے۔ مشاورتی اجلاس کے بعد تفصیلات طے کی گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ 26 مارچ کو شروع ہوگا۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز اس مارچ کی قیادت کریں گے۔ مارچ 26مارچ کو گوجرانوالہ میںپڑاؤ کرے گا۔ مارچ ستائیس مارچ کو سرائے عالمگیر پہنچے گا۔ رات یہاں قیام کے بعد اٹھائیس مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔ ملتان ڈویژن ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔ اٹھائیس مارچ کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ ادھر لاہور میں بھی مسلم لیگ ن نے لانگ مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز کے لئے کنٹینر تیار کرلیا گیا ہے۔ کارکنوں کو کل ایک بجے ماڈل ٹائون پہنچنے کا کہا گیا ہے۔ ماڈل ٹائون سے قافلوں کی شکل میں شرکاء روانہ ہوں گے۔ لاہور میں بڑے بینرز اور ہورڈنگ لگا دئیے گئے ہیں۔ جن میں تمام قائدین کی تصویریں لگائی گئی ہیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن سوشل میڈیا کا اجلاس بھی گزشتہ روز ہوا جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی پالیسی طے کی گئی۔ سیاسی حالات کے پیش نظر آئی جی پولیس پنجاب نے ایک ہزار جوان، بکتر بندگاڑیاں اور پریژن وینز اسلام آباد بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔ سکیورٹی انتظامات اور ہنگامی حالات پر قابو پانے کے لئے ایک ہزار پنجاب کانسٹیبلری کے جوان اینٹی رائٹ کٹس کے ساتھ اسلام آباد بھجوائے جائیں گے۔ 2بکتر بند گاڑیوں اور 5پریژن وینز کوصبح 10بجے تک اسلام آباد پولیس کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔دوسری طرف جمعیت علماء اسلام (ف) کے زیراہتمام کل بروز ہفتہ لاہور سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا آغاز ہو گا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنان لاہور مینار پاکستان سے مولانا امجد خان کی قیادت میں اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔