• news

ووٹ کا فیصلہ سپیکر کی صو ابد ید ، کھیل اپوزیشن نے شروع کیا ختم ہم کریں گے: فواد چودھری


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شطرنج کا جو کھیل اپوزیشن نے شروع کیا ہے اسے ختم ہم کریں گے، ووٹ کا فیصلہ سپیکر کی صوابدید  ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام جج صاحبان قابل احترام ہیں۔ ن لیگ نے سوشل میڈیا پر اس بینچ کے خلاف مہم شروع کی جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ بار تمام لوگوں سے ووٹ لے کر منتخب ہوتی ہے، بار ایسوسی ایشن کو کسی ایک سیاسی جماعت کی سبسڈری نہیں بننا چاہئے۔  بار ایسوسی ایشن نے اپنے آپ کو ایک سیاسی جماعت سے جوڑ لیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ 27 مارچ کے جلسہ پر ہے، 27 مارچ کو پی ٹی آئی کا تاریخی جلسہ ہوگا۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اور حکومت کا حصہ ہی رہیں گے، اتحادیوں کی سپورٹ بھی اسی سرپرائز کا حصہ ہے جس کا ذکر وزیراعظم نے کل بدھ کو کیا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ اور ضمیر فروشی کا کھیل بند ہونا چاہئے، سندھ ہائوس میں جو بدبودار کھیل کھیلا گیا ہے اس کا مداوا نہیں ہوا، وہاں خچر ٹریڈنگ، گھوڑا ٹریڈنگ اور گدھا ٹریڈنگ کی منڈی لگی ہوئی، جس طرح سے ضمیر فروشی ہو رہی ہے پولیس نے سندھ ہائوس پر جو ایکشن لیا، عدالت اس سے مطمئن ہے اور اس معاملے کو ختم کر دیا گیا ہے۔  چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عدلیہ نے فیصلے میں الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ ووٹ کی ٹریس ایبلٹی کو یقینی بنایا جائے، اگر کسی پر سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کا الزام لگتا ہے تو اس کا ووٹ ٹریس کیا جا سکے، الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے آج اس بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے سپریم کورٹ کا یہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستان میں ایک نئی سیاست کی بنیاد رکھی جائے گی، ووٹ کاسٹ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سپیکر کریں گے جبکہ نااہلی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ پارٹی لیڈر کے خلاف ووٹ دینا امانت میں خیانت ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا جائے اور اسی کو چھرا گھونپ دیا جائے۔ شہباز گل نے فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کہتے ہیں ہم لارجر اپوزیشن الائنس کا حصہ ہیں، بلاول نے کل واضح کردیا وہ پی ڈی ایم کا حصہ نہیں۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حزب اختلاف کا ملکی مفاد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،  بہترین او آئی سی کانفرنس ہوئی اور او آئی سی کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کی تعریف کی، او آئی سی کانفرنس میں وزیراعظم نے حالیہ معاملات پر بات کی، وزیر اعظم نے روس یوکرین، کشمیر، فلسطین اور اسلامو فوبیا سے متعلق بات کی اور پوری امہ میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، روس یوکرین تنازع میں پاکستان کا کردار غیرجانبدارانہ ہے۔ ہم نے طے کیا ہے کہ رو س یوکرین تنازع کے حل کیلئے ورک آؤٹ کریں گے۔ جلد چین کا دورہ کروں گا، مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی زندگیاں پہلے سے زیادہ مشکل میں ہیں، مقبوضہ کشمیر کی تمام قیادت پابند سلاسل ہے، اوآئی سی اجلاس میں غور ہوا کہ مقبوضہ کشمیر  کے مسئلے کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے، فلسطین پر پاکستان نے واضح موقف اپنایا ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے سامنے اچھائی اور برائی کے راستے رکھے ہیں۔ چوروں کے ٹولے کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ عمران خان سے کیسے چھٹکارا لیں۔

ای پیپر-دی نیشن