شمالی وزیرستان حملہ ،4جوان شہید : پشاور، دہشتگرد مارا گیا
اسلام آباد/ پشاور/ ڈیرہ مراد جمالی (خبر نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں 4 جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور24 مارچ کی درمیانی رات شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے افغانستان سے پاکستان کے اندر دراندازی کی کوشش کی۔ بروقت جوابی کارروائی کے باعث دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ دہشت گردوں نے جوابی فائرنگ کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ دہشت گرد ناکام ہو کر فرار ہو گئے اور انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق انہیں بھاری جانی نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران چار سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ شہید ہونے والوں میں لانس حوالدار وجاہت عالم (عمر 34 سال، سکنہ غذر، گلگت بلتستان)، سپاہی ساجد عنایت (عمر25 سال، شیخوپورہ کا رہائشی) سپاہی مقبول حیات (عمر 32 سال، سکنہ غذر، گلگت بلتستان) اور سپاہی ساجد علی (عمر 22 سال، سکردو کا رہائشی) شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق سانحہ کوچہ رسالدار میں ملوث دہشت گرد پشاور پولیس اور سی ٹی ڈی کیساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گرد کے دیگر 2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کا سلسلہ وسیع کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ سانحہ کوچہ رسالدار سمیت دیگر سنگین وارداتوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد دانیال، خالد اور حسن شاہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک مکان میں موجود ہیں۔ دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 2گھنٹے تک جاری رہا، جس میں دانیال مارا گیا جبکہ دیگر دہشت گرد فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ دوسری طرف ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار سمیت تین افراد کو قتل کر دیا۔ لیویز حکام کے مطابق واقعہ نوتال گنداورہ کے مقام پر پیش آیا۔ وین پر فائرنگ سے 5 مسافر شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میںانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو سلام کرتے ہیں۔ وہ قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردوں سے سینہ سپر جوانوں کی پشت پر پوری قوم متحد کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔