• news

شیخ رشید 20سے زائد ارکان قومی ، سوبائی اسمبلی کی ملا قا تیں: قوم چوروں کیخلاف نکلے گی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ اس پر یقین رکھتے ہیں۔ بے بنیاد الزامات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں۔ پراپیگنڈا کرنے والوں کا ایجنڈا سیاسی انارکی پھیلانا اور ترقی کو روکنا ہے۔ مخالفین الزام برائے الزام لگاتے جائیں، ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ میں عمران خان کا سپاہی ہوں۔ مخالفین کی ہر سازش کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، امن عامہ کی صورتحال اور تحریک عدم اعتمادکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ عثمان بزدار اور شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انارکی پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کی۔ عثمان بزدار اور شیخ رشید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا اور 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔ عثمان بزدار نے کہا صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اسلام آباد میں کامیاب او آئی سی کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو مبارکباد دی۔ سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء سمیت 20 سے زائد ارکان  قومی و صوبائی اسمبلی  نے ملاقاتیں کیں۔ پارلیمنٹرینز نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پربھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور اپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی شدید مذمت کی۔  باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں میں ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ 27مارچ کا جلسہ پاکستان کی پولیٹکل ہسٹری میں نئی تاریخ رقم کرے گا اور ملک بھر سے عوام جوق درجوق جلسے میں شرکت کریں گے۔ قوم وزیراعظم عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے چوروں اور لیٹروں کے خلاف میدان میں نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ اپوزیشن کی منفی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ اپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ سیاست میں وضع داری اور برداشت کے قائل ہیں۔ مخالفین نے الزامات برائے الزامات کی سیاست کے غلط کلچر کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے لئے کانٹے بونے والوں کو خود تکلیف اٹھانا پڑے گی۔ عمران خان کی قیادت میں عوام کی خدمت کی ہے اورکرتے رہیں گے۔ او آئی سی کانفرنس کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کا ایسا کارنامہ ہے جو مدتوں یاد رکھاجائے گا۔ اپوزیشن انتشار کی سیاست کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔قوم کسی کو بھی افراتفری یا انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن