اضافی نفری اسلام آباد طلب‘ ہائی وے روکنے پر جے یو آئی کیخلاف توہین عدالت درخواست کا فیصلہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے، نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ میں امن و امان اور اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، سیکرٹری داخلہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام بھی شریک تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے دارالحکومت کے شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے جلسے مختص کردہ مقامات پر ہی کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی معاونت کیلئے پنجاب، کے پی، رینجرز اور ایف سی سے اضافی نفری طلب کرلی ہے۔ سیاسی جلسوں کی سکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر آئینی راستہ اختیار کرے گی۔ وفاقی حکومت نے جمعیت علماء اسلام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی عدالتی احکامات کے برعکس سرینگر ہائی وے پر جلسے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ ادھر این او سی کی خلاف ورزی پر اسلام آباد انتظامیہ نے جے یو آئی ف کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ سری نگر ہائی وے پر ٹریفک روکنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔