• news

شاہ محمود سے ملاقات، پرویز الہی کو فون پی پی سے کوئی معا ہدہ نہیں : خالد مقبول

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ جمعہ کو ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے  اہم پیغام ایم کیو ایم کے رہنمائوں کو پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایم کیو ایم رہنمائوں میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ خیرسگالی کا پیغام لے کر ایم کیو ایم پاکستان کے پاس گئے تھے، پیغام تھا آپ ہمارے  دوست ہیں ساتھ چلتے رہیں گے۔ ہماری ایم کیو ایم سے ملاقات مثبت اور مفید  رہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفد میرا پیغام ایم کیو ایم پاکستان قیادت تک پہنچائے گا۔ ایم کیو ایم وفد نے واضح طور پرکہا کہ پی پی کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ ایم کیوایم وفد نے واضح کہا کہ پیپلز پارٹی غلط بیانی کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سے نہ کوئی معاہدہ ہوا نہ کوئی اتحاد ہوا ہے ہم اپوزیشن کے کردار کو مضبوط اور مثبت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے تھے سندھ حکومت مطالبات سنے‘ عمل کرے اور تسلیم کرے۔ ہم نے مطالبات پیش کر دیئے ہیں مطالبات پر عملدرآمد کیلئے میکنزم تیار کرنے کیلئے پھر بیٹھیں گے۔ نہ ہی وزارت حاصل کرنا مقصود ہے۔ اب مطالبات جائز سمجھے کئے ہیں۔ ہمارے مطالبات کا عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں۔ ایم کیو ایم نے بردباری سے حکومت کی بجائے جمہوریت کو بچانا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن