عدم اعتماد پر مسلسل ابہام، فریقین کو چھ چھ ماہ دینے کا فارمولا لانے کی کوششیں
اسلام آباد ( شاہزاد انور فاروقی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد صورتحال مسلسل ابہام کا شکار ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فریقین بھی نئی الجھن کا شکار نظر آتے ہیں۔ تاہم باخبر ذرائع کے مطابق جہاں حکومت اور اپوزیشن عددی اکثریت پوری کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں وہاں پس پردہ بھی کچھ معاملات پر بات چیت کی جارہی ہے اور ایک ایسا فارمولہ طے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں سب فریقین جیت محسوس کریں۔ اس فارمولے کے تحت قبل از وقت انتخابات کے اعلان پر کام کیا جارہا ہے۔ فریقین کو چھ ماہ ‘ چھ ماہ کی پیشکش کی جاچکی ہے اور قرائن سے لگتا یہ ہے کہ حکومت اور ایک دوسرے فریق کو چھ ماہ مل جائیں گے۔ جبکہ اپوزیشن اور اس میں شامل جماعتوں کو قبل از وقت انتخابات مل جائیں گے۔ اس دوران اگلا بجٹ بھی تیاری اور منظوری کے مراحل سے گزر جائے گا جبکہ اگست کے آخر یا ستمبر میں نگران سیٹ اپ کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے تاہم یہ بات تمام فریقین کی رضا مندی سے مشروط ہے۔ اس حوالے سے اگر مثبت پیش رفت ہوگئی تو وزیراعظم عمران خان کے جلسہ میں اس بارے میں کچھ تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔