نوازشریف نے ق لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کردیا، ذرائع: مریم اورنگزیب کی تردید
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پنجاب کی وزارت اعلی ق لیگ کو دینے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ جبکہ آصف زرداری وزارت اعلی ق لیگ کو دینے کے حامی تھے۔ متحدہ اپوزیشن کے ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کے درمیان معاملات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں اور ڈیڈ لاک کے باعث حکومتی اتحادیوں کی جانب سے بھی فیصلے میں تاخیر ہورہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے متحدہ اپوزیشن کو امتحان میں ڈال دیا اور مریم نواز نے بھی والد کے موقف کی حمایت کردی ہے۔ موقف میں کہا وزیراعظم کو ہٹا کر پنجاب میں تبدیلی آسان ہوگی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری وزارت اعلی ق لیگ کو دینے کے حامی تھے اور انہوں نے واضح کیا تھا اتحادی بلاوجہ چھوڑ کر نہیں آئیں گے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ق لیگ کو وزارت نہ ملی تو پی پی عدم اعتماد سے پیچھے ہٹ جائے گی۔ آصف زرداری ق لیگ کو ن لیگ کی گارنٹی دینے کو تیار ہوگئے تھے۔ ن لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ ق لیگ کو کس حیثیت سے وزارت اعلی کی پیشکش کی گئی ہے، پنجاب میں ن لیگ بڑی جماعت ہے اور ق لیگ چھوٹی جماعت ہے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور حکومت کے اتحادیوں سے متعلق ذرائع سے چلنے والی خبروں کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اور اتحادیوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے، نواز شریف اور اتحادیوں سے متعلق خبریں بالکل جھوٹ ہیں۔ حکومت کے اتحادی عوامی خواہشات کے مطابق چلیں گے۔ میڈیا قیاس آرائیوں سے متعلق خبروں سے پہلے تصدیق کر لیا کرے۔