گورنر سندھ کا جام عبدالکریم کی گرفتاری کیلئے خط، وفاقی وزیر داخلہ کی نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ قانون کے مطابق جام عبدالکریم کو عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی۔ اب ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے۔ ڈی جی ایف آئی اے کو کہا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کیا جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا ہم جام عبدالکریم کا نام انٹرپول میں بھی ڈلوائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کراچی میں قتل ہونے والے ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جام عبدالکریم کی دبئی سے وطن واپسی کے معاملے پر ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔گورنرسندھ نے مطالبہ کیا کہ جام عبدالکریم کو وطن واپسی پر گرفتار کر کے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ وزارت داخلہ میں کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شرکت کی۔ کابینہ کی کمیٹی نے ناظم جوکھیو قتل کی تھانہ میمن گوٹھ ملیر کراچی میں درج، ایف آئی آر نمبر 457/2021 میں مرکزی ایم این اے جام عبدالکریم اور تمام شریک ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کر دی۔ شیخ رشید احمد نے ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو حکم دیا کہ ایم این اے جام عبدالکریم کے انٹر پول کے ذریعے ریڈ وارنٹ حاصل کر کے واپس لایا جائے۔