• news

حکومتی وفد کے ق لیگ، متحدہ ، باپ سے رابطے ، تعاون کی درخواست

اسلام آباد‘لاہور (نمائندہ خصوصی + خصوصی نامہ نگار) تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے حکومتی وفد کا اتحادیوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی وفد کی اسلام آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد کیساتھ ملاقات کے علاوہ بلوچستان  عوامی پارٹی کے راہنماوں سے ملاقات کی ، ایم کیو ایم  کے ساتھ ملاقات میںوزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی و گورنر سندھ عمران اسماعیل  موجود تھے، ایم کیوایم کے اعلیٰ سطحی وفد میں ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم ،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، عامر خان، وسیم اختر، جاوید حنیف، اور صادق افتخار شامل ہیں،دوران ملاقات تحریک عدم اعتماد اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا، مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کے ساتھ ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی، موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ جمہوری تقاضوں کی تکمیل کیلئے سیاسی  ملاقاتوں کا تسلسل برقرار رہے۔ بلوچستان  عوامی پارٹی کے ساتھ ملاقات میں حکومتی وفد نے وزیراعظم کا پیغام  ان تک پہنچایا۔ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی سے بھی ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام مسلم لیگی قیادت کو پہنچایا۔ طارق بشیر چیمہ نے ساڑھے تین سال میں پارٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے کافی کھل کر بحث کی گئی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا آج کی ملاقات کے حوالے سے پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین کو اعتماد میں لیں گے اور آئندہ ملاقات جلد اسلام آباد میں ہو گی۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہو گا، ڈرامے کے کردار تبدیل ہوں گے، ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی اور آدھی بانٹی جارہی ہے۔ جلسوں سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاست میں اسلام کو لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا مستقبل اللہ کے فضل سے روشن ہے، ہمارا دامن پاک صاف اور دین سے جڑا ہوا ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے میڈیا میں چودھری پرویز الٰہی سے منسوب چلنے والی اس خبر کہ ’’بیرون ملک بیمار کو ابھی طبیعت کے مطابق دوا نہیں مل رہی‘‘ کی سختی سے تردید کی ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ میڈیا کے دوست خبر چلانے سے پہلے تصدیق کر لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ یا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ایسی کوئی بات نہیں کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن