پی این ایس شمشیر، پی این ایس عظمت کا قطر کی بندرگاہ کا دورہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پی این ایس شمشیر، پی این ایس عظمت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کولاچی پر مشتمل پاک بحریہ کے فلوٹیلا نے دوحہ انٹرنیشنل میری ٹائم ڈیفنس ایگزیبیشن میں شرکت کے لیے دوحہ، قطر کی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ نمائش کے دوران کمانڈر لاجسٹکس ریئر ایڈمرل عابد حمید نے پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق دوحہ بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا استقبال قطر میں پاکستان کے دفاعی اتاشی کموڈور ثاقب الیاس اور قطر نیول امیری فورسز کے کمانڈر پروٹوکول اینڈ آرگنائزیشن بریگیڈیئر سلیم احمد نے کیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران فلیگ آفیسر اور مشن کمانڈر نے پاکستان نیوی کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ مختلف معززین سے ملاقاتیں کیں، جن میں فلیٹ کمانڈر قطر امیری نیول فورسز، کمانڈر قطری کوسٹ گارڈز، کمانڈر کویتی نیوی، لیبیا کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف، آذربائیجانی وفد کے کمانڈر اور ایرانی نیول چیف شامل ہیں۔