منی لانڈرنگ کیس‘ عبوری ضمانت کیلئے پیشی ضروری‘ شہباز شریف حاضری یقینی بنائیں: عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپیشل جج سنٹرل نے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالتی تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق عبوری ضمانت کے لئے پیش ہونا ضروری ہے۔ اگر ملزم پیش نہ ہو تو اس کی عبوری ضمانت خارج کر دی جاتی ہے۔ میاں شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے جس میں شرکت کے لئے شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں۔ ایسے حالات میں عدالت ملزم کو سہولت دے سکتی ہے تاکہ وہ بطور ممبر اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکے۔ آئندہ سماعت پر شہباز شریف حاضری کو یقینی بنائیں، اس کیس کی مزید سماعت 4 اپریل کو ہو گی جس پر وکلاء کو بحث کیلئے طلب کر لیا گیا ہے۔