مہنگائی مکائو مارچ میں لیگی خواتین کی بڑی تعداد بھی جوش و خروش سے شریک
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے لاہور سے روانہ ہونے والے مہنگائی مکاؤ مارچ میں خواتین بھی انتہائی جوش و خروش سے شریک ہوئیں۔ ان میں موجودہ و سابقہ خواتین ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، خواتین سینیٹرز تنظیمی عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں شامل تھیں۔ گزشتہ روز دوپہر بارہ بجے سے ہی خواتین ٹولیوں کی شکل میں پارٹی پرچم لہراتی، پارٹی ترانے گاتی اور حکومت مخالف نعرے بلند کرتی طے شدہ مقامات پر جمع ہونے لگیں۔ پارٹی قافلوں کے ہمراہ اسلام آباد روانگی کے موقع پر بعض خواتین نے پارٹی پرچم کے رنگ کی مناسبت سے سبز لباس اور سبز چوڑیاں پہن رکھی تھیں جبکہ کچھ خواتین پارٹی کے انتخابی نشان سے ہم آہنگ سٹفڈ شیر اپنے ہمراہ لے کر آئیں۔ بعض خواتین اور بچیوں نے ہاتھوں پہ مہندی سے پارٹی ترانوں کے مصرعے لکھ رکھے تھے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں شعبہ خواتین کی رکن قومی اسمبلی اور لاہور شعبہ خواتین کی صدر شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ ارکان پنجاب اسمبلی کنول لیاقت، اسوۂ آفتاب اور راحیلہ خادم حسین نے کہا کہ ہم ساری رکاوٹیں توڑ کر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ حکومت کو اپنی ہار سامنے نظر آرہی ہے جس سے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ارکان اسمبلی نفیسہ امین، سعدیہ ندیم و دیگر نے کہا کہ عمران خان مذہب کارڈ کھیل کر بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔