نیشنل ٹی ٹونٹی ڈیف کرکٹ چیمپئن شپ اسلام آباد نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والی بنک آف پنجاب نیشنل ٹی ٹونٹی ڈیف کرکٹ چیمپئن شپ اسلام آباد ڈیف ٹیم نے جیت لی۔ علیم ڈار اکیڈمی میں فلڈ لائٹس میں کھیلے جانیوالے فائنل میچ میں اسلام آباد ڈیف ٹیم نے بہاولپور ڈیف ٹیم کو 33 رنز سے مات دی۔ فائنل میچ میں بہاولپور ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد ڈیف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد نے 6 وکٹوں پر 186 رنز سکور بنائے۔ باسط علی نے 75، ذکا احمد نے 58 اور راشد جٹ نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں۔احسن علی نے تین، حسن نے دو جبکہ تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بہاولپور ڈیف ٹیم 6 وکٹوں پر 154 رنز بنا سکی۔ بلال یوسف نے 47، حسن ابراہیم نے 32 نمایاں رنز بنائے۔ جواد نے اور دانش نے دو دو جبکہ ذکا احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ذکا احمد کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر عرفان معراج، سیکرٹری کومیل کاظمی، فنانس سیکرٹری عبدالرحمان سمیت پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی سنٹرل پنجاب کے علی احمد تھے جنہوں نے انعامات تقسیم کیے۔