• news

پاکستان ‘آسٹریلیا کرکٹ سیریز ‘ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ درد سر بن گئی 


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز میں آن لائن ٹکٹ بکنگ کا نظام شائقین کیلئے درد سر بن گیا‘ قیمت ادا کرنے کے باوجود ٹکٹس موصول نہ ہونے اور مطلوبہ انکلوژر کے بجائے کسی دوسرے انکلوژر کی ٹکٹس ملنے کی شکایات سامنے آنے لگیں۔ ون ڈے سیریز اور واحدٹی ٹونٹی کا وقت قریب آرہا ہے شائقین ٹکٹس کی خریداری میں زیادہ دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں مگر آن لائن ٹکٹ بکنگ کا یہ سلسلہ شائقین کیلئے سہولت کے بجائے درد سر بن گیا ہے۔ بعض شائقین نے نوائے وقت کو بتایا کہ انھوں نے آن لائن ٹکٹ کے حصول کیلئے رقم کی ادائیگی کی تاہم انھیں گھنٹوں بعد بھی ٹکٹ موصول نہیں ہوئیں‘ جب انھوں نے پی سی بی کی بتائی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا تو طویل انتظار کے بعد متعلقہ سٹاف نے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ آپ کی طرف سے رقم کی ادائیگی کی فی الحال تصدیق نہیں ہوسکی۔ حالانکہ ٹکٹ کی قیمت ادا کی جاچکی تھی۔ بعض شائقین نے جس انکلوژر کی ٹکٹ بک کروائی تھی اس کی جگہ کسی دوسرے انکلوژر کی ٹکٹ موصول ہوئی۔ جب انھوں نے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا تو انھیں بتایا گیا کہ مطلوبہ ٹکٹ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ ٹکٹ خریدنے والے ایک شخص نے نوائے وقت کو بتایا کہ انھوں نے جاوید میانداد انکلوژر کی تین ٹکٹس خریدیں جو انھیں فوری موصول ہوگئیں‘ اس کے بعد انھوں نے اسی انکلوژر کی ایک اور ٹکٹ اپنی پہلی ٹکٹس کے بالکل ساتھ موجود ایک اور ٹکٹ بک کروائی اور ادائیگی بھی کردی مگر انھیں اس کے بجائے عبدالقادر انکلوژر کی ٹکٹ موصول ہوئی۔ شائقین کے آن لائن ٹکٹ بکنگ کے سسٹم کی ان خرابیوں پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے فوری طور پر نوٹس لینے اور شائقین کیلئے آسانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شائقین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہیلپ لائن کے سٹاف کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جائے جو قیمت ادا کرنے والے صارفین کی مدد اور رہنمائی کے بجائے انھیں طویل انتظار کی اذیت میں مبتلا رکھتے ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن