ٹیکس ریٹس کم کئے جائیں، ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن
لاہور( کامرس رپورٹر)چیئرمین ریونیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ حکومت قوم کو ایمنسٹی سکیموں کی عادت ڈالنے کی بجائے ٹیکس ریٹس کم کرے جو شعبے فروغ پا رہے ہیں، انہیں ٹیکسز میں مزید ریلیف دیا جانا چاہیے۔حکومت صرف پراپرٹی کے شعبے پر توجہ مرکوز کرلے اور اس کیلئے کم شرح پرٹیکس کیساتھ نظام وضع کرلیا جائے تو معیشت میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ ٹیکس اور عوام مذاکرے ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ریونیو ایڈوائزر ایسوسی ایشن کے ممبران ندیم چوہدری،بابر نیاز،عبد المغیث احمد،عبدالعزیز،شاہد احمد،سمر تارڑ،محمد ارشد لائیک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایمنسٹی سکیم کی تین قسمیں ہیں جن میں بیمار انڈسٹری ،غیر ملکی سرمایہ کاری اور کالے دھن کو 5 فیصد ادائیگی سے انڈسٹری میں سرمایہ کاری کر کے سفید کرنا شامل ہے۔ لیکن اگر ان کی شرائط کا جائزہ لیا جائے تو ان میں سے بعض بہت مشکل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ٹیکس ریٹس پر نظر ثانی کرے ، ٹیکسیشن کا نظام سادہ بنایا جائے تاکہ لوگوںکو ٹیکس چوری کی عادت ہی نہ پڑے ۔