عمران کے بچنے کا اب کوئی راستہ نہیں ، شفاف الیکشن کی طرف بڑھ رہے: بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوچکی ہے۔ ہم صاف شفاف الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان مذہب کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، مذہب کارڈ استعمال نہیں کرنا چاہیے، خان صاحب کی مدینہ کی ریاست اخلاقیات پر مبنی نہیں، سیاست میں مذہب کو نتھی نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اتنا بزدل ہے کہ ہمارا مقابلہ کرنے کو تیار نہیں ہے، عدم اعتماد پیش ہونے پر پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں، تحریک عدم اعتماد کا پراسس شروع ہوچکا ہے۔ اب کوئی کارڈ نہیں صرف عوام کی مرضی چلے گی، حکومتی ترجمانوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں یہ لوگ جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ہمارا فوکس ہے، عدم اعتماد مکمل ہونے پر صوبوں کی طرف توجہ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت کراچی کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، پرویزالٰہی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قوم کے سامنے لائیں گے، ہماری گنتی پوری ہے اب پلس میں جا رہے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی پر مشتمل دو اتحادیوں نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا، کافی سے زیادہ باغی اراکین نے اعلانیہ و غیراعلانیہ حکومت کے خلاف ووٹ دینے کا اپنا ارادہ ظاہر کیا، بطور وزیراعظم عمران خان کے آخری ہفتے کا آغاز ہوچکا، الوداع سلیکٹڈ۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے انٹرویو میں کہا ہے کہ لیگی ارکان زیادہ ہیں، وزارت عظمی انہیں کی ہوگی۔ میں اپنا مینڈیٹ لے کر وزیراعظم بننا چاہوں گا۔ کوشش ہوگی نئی حکومت الیکشن اصلاحات تک محدود رہے۔ ایک سوال پر کہا کہ پیسہ دینے کی ضرورت نہیں۔ پی ٹی آئی کے ایم این ایز خود آرہے ہیں۔ عمران خان کے پاس پیسے دینے کے ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں۔