افغان ، منشیات کے 37 مبینہ سمگلرز گرفتار
کابل (شِنہوا) افغان پولیس نے شمالی صوبہ بلخ میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں 37 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی باختر نے پیر کو ایک سینئر پولیس افسر قاری رمضان ذاکری کے حوالے سے بتایا کہ گرفتار ہونے والے یہ افراد صوبہ بلخ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث تھے۔ خبر رساں ایجنسی نے مزید کہا کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کو تفتیش کے لیے متعلقہ عدالتوں کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ کچھ صوبوں میں کسانوں نے پوست کی کاشت کی ہے تاہم طالبان انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکام ملک میں منشیات کی پیداوار اور اس کی اسمگلنگ کو سختی کے ساتھ روکیں گے۔