روس یوکرائن چھوڑے پابندیاں ہٹالیں گے ، برطانیہ : لڑائی جاری ، 19 روس نواز جنگجو ہلاک
ماسکو، لندن، کیف (این این آئی، آئی این پی) برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس پر عائد پابندیاں اٹھانے کے لیے تیار ہے بشرط یہ کہ روسی افواج یوکرائن سے نکل جائیں۔ خاتون وزیر خارجہ لیز ٹراس نے واضح کیا کہ اگر روس مکمل فائر بندی اور اپنی افواج کے انخلا پر آمادہ ہو جاتا ہے تو پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔ ٹراس نے مزید کہا کہ کریملن کو یہ بھی وعدہ کرنا ہو گا کہ وہ مستقبل میں کسی اور جارحیت کا ارتکاب نہیں کرے گا یہاں تک کہ روس کی سینکڑوں شخصیات اور اداروں پر عائد پابندیاں اٹھا لی جائیں۔ ادھر یوکرائنی فورسز کے جوابی حملوں کے بعد روس نے بیلا روس میں فوج کو دوبارہ منظم کرنا شروع کردیا۔ صدر پیوٹن نے کہا روس یوکرائن میں اپنا مشن ہر حال میں پورا کرے گا۔ یوکرائن میں روسی فورسز کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے، روسی زیر قبضہ علاقے ڈونیسک میں یوکرائنی فوج کے حملے کے دوران 19 روس نواز جنگجو ہلاک ہو گئے۔ ادھر روسی صدر پیوٹن نے ٹی وی پر اپنے خطاب میں یوکرائن جنگ میں حصہ لینے والوں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا روسی افواج مشکلات کے باوجود یوکرائن میں اپنا مشن پورا کریں گی۔ لوہانسک کے علیحدگی پسند سربراہ لیونڈ پوسشنک نے اپنے علاقے کو روس میں شامل کرنے کیلئے جلد ریفرنڈم کا اعلان کیا ہے۔ یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ روس کو ہماری تمام زمینوں سے نہیں ہٹایا جا سکتا، کیونکہ اس سے عالمی جنگ شروع ہو جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے روس کے ساتھ غیر جانبداری کے ساتھ ساتھ غیر جوہری ہتھیاروں پر بات چیت کے لیے یوکرائن کی تیاری پر زور دیا اور مزید کہا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ جنگ کے دوران چیچنیا سے زیادہ تباہ ہو چکا ہے۔ روس جنگ کے آغاز سے ہی اندرونی تقسیم کا شکار رہا ہے۔