• news

مہنگائی مکائو مارچ شہر اقتدار پہنچ گیا

رانا فرحان اسلم

پی ڈی ایم کے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کی قائد مریم نواز نے عمران خان کی حکومت کو الوداع کہتے ہوئے اس کی رخصتی کا اعلان کردیا ہے ۔  اس موقع پر انہون نے یہ شعر پڑھ کریہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں یہ وقت کس کی رعونت پہ خاک ڈال گیا اپنی تقریر کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا تحریک پر بحث جمعرات 31مارچ کو ہو گی لیکن اس کا عوامی فیصلہ آج ہی ہو گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ تحریک کی کامیابی یا ناکامی تک عمران خان قائم مقام وزیر اعظم ہوں گے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر میاں شہبا زشریف آصف علی زرادری بلاول بھٹوزرادری اور دیگر اپوزیشن اتحاد کے قائدین نے بھی عوام کے نام پیغامات میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور مہنگائی مکاؤ مارچ کی کامیابی کی نوید سنائی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی حکومت مخالف تحریک مہنگائی مکاؤ مارچ لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں سے اسلام آباد پہنچ گیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی پارٹی کارکنوں کے میلوں طویل قافلے کی قیادت کرتے ہوئے  جلسہ گاہ پہنچیں ۔ سری نگر ہائی وے پر واقع ایچ نائن پارک میں کارواں پہنچنے پرپنڈال گو نیازی گو کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ پی ڈی ایم کے کارکنوں نے یہاں پہنچنے والی ریلیوں کا پر جوش نعروں کے ساتھ استقبال کیا۔ جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کو نعروں سے گرمائے رکھا۔ قائدین کی تقریریں بھی شرکاء کا جوش  و خروش بڑھاتی رہی ۔جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبا زشریف کی قیادت میں مہنگائی مکاؤ مارچ کا شہر شہراستقبال کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے  کارکن  اپنے قائد میاں نواز شریف کی بیٹی کا پرتپاک استقبال کرنے  اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے گھنٹوں جی ٹی روڈ پر موجود رہے۔اس جوش وجذبے نے  ثابت کیا کہ پنجاب میں آج بھی مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک موجود ہے اور پارٹی کی پوزیشن مستحکم ہے مریم نواز نے اس مارچ میں مسلم لیگ ن کے مؤقف کو اجاگرکرنے میں اہم کردارادا کیا اور انکی معاونت کیلئے حمزہ شہبا زشریف بھی انکے شانہ بشانہ رہے جبکہ کیپٹن(ر)صفدر بھی کنٹینر پر ساتھ ساتھ موجودرہے ۔
تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے اور عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں عوامی مارچ کا اعلان بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے لاہور سے چلنے والے مارچ کا شہر شہر بھرپوراستقبال کیا گیا اسلام آبادپہنچنے پر پنڈال پہلے سے تیار تھاجمعیت علماء  اسلام کے کارکن تین روز سے سری نگر ہائی وے پر خیمہ زن تھے اور ہائی وے کی دونوں اطراف پر دھرنا دیئے بیٹھے ہوئے مہنگائی مکاؤ مارچ کے استقبال کیلئے الگ سے ایک سٹیج تیار کیا گیا ۔جس پر شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہبازکی قد آور تصاویر آویزاں تھیں۔ جلسہ گاہ کا سار انتظام جمعیت علماء اسلام کی ذیلی تنظیم انصار لاسلام کے ذمے تھا جنہوں نے انتہائی منظم انداز میںجلسہ گاہ کی اطراف کو گھیر رکھا تھا اور داخلی اور خارجی راستوں کو انصار لاسلام کے کارکن ہر آنے جانے والے پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔جلسہ گاہ کو انتہائی منظم انداز سے مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا خواتین کے بیٹھنے کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی تھی جس میں کسی کو مداخلت اور اندر جانے کی اجازت نہ تھی، اپوزیشن اتحاد کی تمام جماعتوں نے اس مہنگائی مارچ اور اسکے اختتام پر اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے جلسے میں اپنا حصہ ڈالا سٹیج پر پاکستان مسلم لیگ ن جمعیت علماء اسلام عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود رہے اور اپنی اپنی بار ی پر خطاب کرکے پنڈال میں موجود کارکنوں کا خون گرماتے رہے۔ مہنگائی مکاؤ مارچ جہاں بھی رکا جلسوںیا ریلی سے خطاب میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اسلام آباد مرکزی جلسے سے خطاب میں بھی اپوزیشن قائدین کا ہدف وزیراعظم انکی حکومت کی کارکردگی جلسوں میں وزیراعظم کی تقاریر اور انکا انداز بیاں رہا اپوزیشن قائدین نے وزیراعظم کو جلد گھر بھیجنے کی خوشخبری کارکنوں کو سنائی کارکنوں کیجانب سے گو نیازی گو کے نعروں سے پنڈال گونجتا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن