• news

خواہش ہے پاکستان ہاکی ایک بار پھر دنیا پر راج کرے : سٹیفن بلوشر

لاہور(سپورٹس رپورٹر)خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام پاکستان کے دورے پر آئے سابق  جرمن ہاکی سٹار سٹیفن بلوشر کے اعزاز میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ایونٹ کا انعقاد کیاگیا، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی خاص طور پر تقریب میں شریک ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی ایک مرتبہ پھر دنیا پر راج کرے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف ٹو پر پاکستان اور جرمنی کے درمیان اسی اور نوے کی دہائی میں ہونے والے کانٹے دار ہاکی میچز کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ میچ میں سٹیفن بلوشر اور سابق پاکستانی ہاکی سٹارز اولمپین ،آصف باجوہ ،خواجہ جنید ، وسیم احمد ، اجمل خان لودھی بھی ایکشن میں دکھائی دئیے۔مقررہ وقت میں دو دوگول کے بعد پنالٹی سٹروکس بھی لگائے گئے تاہم سٹفین بلوشر کی خواہش پر میچ کو برابری پر ہی ختم کردیاگیا۔ سٹیفن بلوشر پاک جرمنی ہاکی میچ کی جھلکیاں دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔ جرمن ہاکی لیجنڈ نے پاکستان ہاکی کیلئے  خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہاکی ورلڈ میں ایک مقام ہے تاہم موجودہ پرفارمنس دیکھ کر دکھ ہوتاہے، خواہش ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ایک بارپھر ماضی کی طرح اپنی پہچان بنائے۔  اکیس سال بعد پاکستان آکر ملنے والی عزت اور پیار میرے لیے ایک سرمایہ ہے، پاکستان اور جرمنی کے درمیان ہاکی میدان میں کانٹے کے میچز ہوئے، اس وقت ہاکی کو بہت انجوائے کیا۔ یہاں پرانے دوستوں کیساتھ ملاقات کا موقع ملاہے،سب ہی ہاکی پرفارمنس کے زوال پر فکر مند ہیں، پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ اب بھی موجود ہے،نوجوان بڑی محنت سے آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں۔، امید ہے کہ پاکستان ہاکی دوبارہ بلندیوں کو چھوئے گی۔ہاکی فیڈریشن کے احباب سے ملاقات میں انہیں اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایاہے، سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے ہاکی کے فروغ کیلئے خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کی خدمات کو سراہا۔ بلوشر نے چھ اکیڈمیز ٹیموں کے میچز کے دوران بچے اور بچیوں کی مہارت دیکھی اور کوچنگ ٹپس بھی دیں۔ ایونٹ کے آخر میں مہمانوں اورکھلاڑیوں میں سوونیئرز پیش کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن