• news

آسٹریلوی کرکٹر ایشٹن اگر کرونا کا شکار ون ڈے سیریز سے آئوٹ

لاہور (سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کے کرکٹر ایشٹن اگر کرونا وائرس کا شکار ہو کر پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ایشٹن اگر کے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوجانے کی تصدیق کردی۔آسٹریلوی کھلاڑی ایشٹن اگر کا کروناٹیسٹ مثبت آیا ہے، جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور سٹاف کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ کلیئر آئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے‘ان کو قرنطینہ میںبھیج دیا گیا ہے۔آسٹریلین  سکواڈ کی مدد کیلئے بیٹر میٹ رینشا کو لاہور روانہ کردیا ہے البتہ ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل انہیں تین دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔ آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹیم پہلا ون ڈے میچ کھیلے گی جبکہ بقیہ میچز خدشات کا شکار ہیں۔ پہلے میچ میں 13 فٹ کھلاڑی دستیاب ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے کیمپ میں کرونا  کے باوجود ون ڈے سیریز کو کوئی خطرہ نہیں،طے شدہ شیڈول کے مطابق  ہوگی۔ سیریز کے ایم او یو کے مطابق 13 مکمل فٹ اور کرونا فری کھلاڑی ہونے کی صورت میں میچ ہوسکے گا۔اس وقت 13 کھلاڑی موجود ہیں۔ اور ایک کھلاڑی میٹ رینشاجلد لاہور پہنچ جائیں گے، جو ایک دن کے آئسولیش کے بعد میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔پی سی بی نے دونوں ٹیموں کیلئے ہر ممکن کرونا فری انتظامات کئے ہیں، تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کسی بھی کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنا کوئی نئی بات نہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کیمپ میں موجود تمام کھلاڑی اور سٹاف کرونا فری ہیں، دونون ٹیمیں الگ الگ فلورپر قیام پذیر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن