• news

ویمنز بیس بال : پاکستان نے ملائیشیا کو تیسرا میچ ہرا کر سیریز جیت لی 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ملائیشیا کی ویمن بیس بال ٹیم کو اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کے تیسرے میچ 15-6  سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔مہمان خصوصی بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر خلیل اللہ بٹ (ریٹائرڈ) تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ ہیڈ کوچ مصدق حنیف، ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی حسین اور فیڈریشن کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے حمیرا خان، اْم ھانی، راشدہ پروین اور عائشہ اعجاز نے 2 رن جبکہ سدرہ ریاست، مدیحہ، زینب ریاض، زاہدہ غنی، آسیہ صدیقہ، نورینہ اور مریم نے 1 رن بنا کر فتح میں حصہ ڈالا۔  پاکستان ٹیم کی کپتان زینب ریاض کا کہنا تھا کہ سیریز میں فتح حاصل ہونے پر تمام ٹیم بہت زیادہ خوش ہے۔ سیریز سے ہمارے کھلاڑیوں کو بہت زیادہ تجربہ حاصل ہوا۔ ملائشین ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے سیریز میں قدرے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے نتیجہ اپنے حق میں نہ کرسکے۔ ٹیم کا دورہ پاکستان بہت بہترین رہااور ہم مستقبل میں بھی پاکستان آکر کھیلنا پسند کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن