• news

پرویز الہی سے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات ، حمایت کا اعلان


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ن لیگ کے ایم پی اے مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، اشرف انصاری جبکہ ایم این اے حسین الٰہی، صوبائی وزیرحافظ عمار یاسر، تحریک انصاف کے رہنما یونس انصاری اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ سید عباس علی شاہ بھی شریک تھے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے، آپ کے ساتھ چلیں گے، چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ شرافت اور وضعداری کی سیاست کی ہے، ماضی میں بھی چودھری پرویزالٰہی نے وزارت اعلی کے منصب پر صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے، ہمارے ساتھ ن لیگ کے 16 ایم پی اے بھی چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ چلیں گے۔ مولانا غیاث الدین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں کامیابی عطا فرمائے،  چودھری پرویزالٰہی نے جس طرح پہلے صوبہ پنجاب کی خدمت کی وہ اب بھی اسی طرح خدمت کریں گے۔ یونس انصاری کا کہنا تھا کہ ہمارا پورا گروپ چودھری پرویزالٰہی کی مکمل حمایت کرے گا۔ علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب کے سینئر وزراء کے اہم اجلاس  میں محمد بشارت راجہ، حافظ عمار یاسر، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، چودھری ظہیر الدین، راجہ راشد حفیظ، سبطین خان، مراد راس اور رکن پنجاب اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ اور ارکان اسمبلی سے رابطوں کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ارکان اسمبلی سے رابطوں کیلئے صوبائی وزراء کو ٹاسک سونپ دئیے۔

ای پیپر-دی نیشن