• news

خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ‘ پولنگ آج‘ تیاریاں مکمل 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے خیبرپی کے  بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کیلئے تیاریا ں مکمل کر لیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق تمام پولنگ میٹریل، بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور پولنگ سٹاف کو اپنے اپنے پولنگ سٹیشنز پر مکمل سکیورٹی کے ساتھ پہنچایا گیا۔ پولنگ مٹیریل کی تقسیم ہوئی تاہم سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دوسر ے مرحلے میں 18 اضلاع کی ٹوٹل 65 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 6176 پولنگ سٹیشنز اور 16509 پولنگ بوتھ بنانے گئے ہیں۔ آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکرٹریٹ اسلام آباد میں  مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور اس کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کنٹرول روم 3 شفٹوں میں مسلسل نتائج کے آنے تک 24گھنٹے کام کرتا رہے گا۔ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں کسی بھی  طرح کی شکایت کا ازالہ کیا جا سکے اور کسی بھی کوتاہی پر فوری ایکشن لیا جا سکے۔ مزید برآں کسی بھی شکایت کی صورت میں الیکشن کمشن  اسلام آباد سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی  کنٹرول روم کے نمبرز051-9204402-3   اور فیکس نمبر 051-9204404  پر رابطہ کیا جائے۔ بلدیاتی الیکشن پہلا مرحلہ خیبر پی کے لوکل کونسل گنڈیری خٹک تحصیل نصرتی میانکہ ہانڈہ ضلع کرک میں ہونے والے الیکشن میں بے ضابطگی پر الیکشن نے اپنا فیصلہ سنا دیا اور ریٹرننگ افسر مہران الیاس کو فوری طور پر معطل کر کے انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔ الیکشن نے صوبہ بلوچستان ماسوائے کوئٹہ اور لسبیلہ  بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس گیارہ اپریل کو جاری کریں گے جبکہ 15 اپریل سے 18 اپریل تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور پولنگ 29 مئی کو ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن