میں اعتماد بڑ ھانے کیلئے روس کا یو کرائن پر حملوں میں کمی کا اعلان
نیو یارک/ استنبول/ ماسکو (شنہوا+اے پی پی+ انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے یوکرائن کے دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں پر حملوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق مقصد جنگ بندی کے لئے ہونے والے مذاکرات میں باہمی اعتماد کو بڑھانا ہے۔ یوکرین میں جنگ بندی کے لئے کئی ہفتوں بعد یوکرین اور روس میں مذاکرات ترکی کے شہر استنبول میں جاری ہیں۔ مذاکرات میں یوکرائنی حکام نے روس سے ہزاروں شہریوں کا انخلاء یقینی بنانے کیلئے جنگ بندی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یوکرائن نے عالمی ضمانتوں کے ساتھ ساتھ غیر جانبدار حیثیت اختیار کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب ڈائی بنگ نے خبر دار کیا کہ یوکرائن کے تنازعہ پر اندھا دھند پابندیاں نئے انسانی مسائل کو جنم دیں گی۔ ترقی پذیر ممالک اس تنازعہ کے فریق نہیں‘ انہیں تصادم کی طرف نہیں کھینچا جانا چاہئے‘ بڑی طاقتوں کے سامنے مجبور نہیں ہونا چاہئے۔یوکرائن نے سرحدی علاقے سے ایک میزائل داغا جو روس کے فوجی اڈے کو لگا۔ اسلحے کا ذخیرہ تباہ ہو گیا اور 4 فوجی شدید زخمی ہو گئے۔