وانگ ژی کی ملاقات ، چینی قیادت نے قر ضوں کی تجدید پع آمادگی ظاہر کر دی : شاہ محمود
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہوانگ شان میں چینی سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔ ملا قات کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے، چین کی "ون چائنہ" پالیسی اور چین کے بنیادی مفادات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ہوانگ شان میں چینی سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات ہو ئی۔ وزیر خارجہ نے چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے چین کے شہر ہوانگ شان کے تونسی ڈسٹرکٹ میں دو طرفہ ملاقات کی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے افغانستان کے پڑوسی ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت اور چین آنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ سٹرٹیجک، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ،عالمی وبا ، افغانستان میں امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کی مرکزی حیثیت کا حوالہ دیتے ہوئے، "پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ" کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے، چین کی "ون چائنہ" پالیسی اور چین کے بنیادی مفادات کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سیاسی استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے مجھے واضح پیغام ملا ہے کہ چین ماضی میں بھی پاکستان کا بااعتماد قابل بھروسہ ساتھی رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے ہم منصب نے بتایا کہ ہم نے چین سے قرضوں کے رول اوور (تجدید) کی درخواست کی تھی جس پر چین کی قیادت نے آمادگی کا اظہار کر دیا ہے اور اب مختلف پروسیجرل کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں جس کے بعد اس کا اعلان کردیا جائے گا۔