• news

 گاڑیوں کی ناقص کوالٹی، زیادہ قیمتوں پر پی اے سی کا اظہار تشویش 

اسلام آباد (نامہ نگار) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے گاڑیوں کی ناقص کوالٹی اور زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزارت صنعت وپیداوار کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ پر لایا جائے اور مناسب قیمت یقینی بنائی جائے، چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ گاڑیاں مہنگی بھی ہیں اور غیر معیاری بھی ہیں جبکہ رکن کمیٹی خواجہ آصف نے’’ڈالے‘‘ بند کرانے کا بھی مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ چیئرمین صاحب یہ ڈالے تے بند کرائو، اس کے اسٹیئرنگ پر جو بیٹھ جاتا ہے اس کا دماغ خراب ہو جاتا ہے۔ ایک یہ اور دوسرا سبز نمبر پلیٹ والی گاڑی کے چاہے مالک خود ہوں یا ڈرائیور ہوں، ان کا سٹائل ہی سڑک استعمال کرنے کا  مختلف ہے۔ یہ ایک کلچر بن گیا ہے’’ ڈالہ کلچر ‘‘۔ بدھ کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں گاڑیوں کی کوالٹی اور زیادہ قیمتوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔

ای پیپر-دی نیشن