پرویز الٰہی کے چھینہ گروپ ارکان اسمبلی سے رابطے : حمایت کیلئے مشاورت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے غضنفر عباس چھینہ ایم پی اے کی رہائش گاہ پر چھینہ گروپ سے ملاقات کی۔ ایم این اے چودھری طارق بشیر چیمہ، صوبائی وزراء راجہ بشارت، حافظ عمار یاسر، چودھری ظہیر الدین جبکہ چھینہ گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی عامر عنایت شاہانی، علی رضا خان خاکوانی، اعجاز سلطان بندیشہ، محمد احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ دائود سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، کرنل غضنفر عباس شاہ، تیمور علی لالی، سردار شہاب الدین سیہڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان اور غلام علی اصغر خان لہری شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے چھینہ گروپ سے حمایت کیلئے مشاورت کی۔ چھینہ گروپ نے کہا چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات بہت اچھی رہی، ان شاء اللہ 24 گھنٹوں میں فیصلے کا اعلان کر دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی سے (ن) لیگ کے رکن اسمبلی اظہر عباس چانڈیو کے بیٹے نعیم خان نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ نعیم خان نے کہا کہ میرے والد اظہر عباس چانڈیو خود ملاقات کیلئے اسمبلی آنا چاہتے تھے تاہم بیماری کی وجہ سے نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اظہر عباس چانڈیو کا پیغام ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کا ووٹ چودھری پرویزالٰہی کو دیں گے۔ دریں اثناء سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ارکان اسمبلی نیاز خان اور فیصل نیازی نے بھی اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی اور وزارت اعلیٰ کیلئے چودھری پرویزالٰہی کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی۔