چھانگا مانگا، نارنگ منڈی، حافظ آباد، بھکھی، صفدر آباد اور ایمن آباد میں کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ، شہری پریشان، کاروبار متاثر
لاہور+ اسلام آباد+ گوجرانوالہ+ چھانگامانگا+ ننکانہ صاحب+ نارنگ منڈی+ حافظ آباد+ بھکھی+ صفدرآباد+ ایمن آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائند گان خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت)لاہور، چھانگامانگا، ننکانہ صاحب، نارنگ منڈی، حافظ آباد، بھکھی، صفدرآباد، ایمن آباد، سیالکوٹ، فیصل آباد، جڑانوالہ، چنیوٹ، اوکاڑہ، گجرات و دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی، لاہور طلب اوررسد میں وسیع خلیج کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ شدت اختیار کرگئی، مختلف علاقوںمیں دورانیہ 12 سے 8 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا، جس سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی، گوجرانوالہ اور اس کے مضافات میں 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہونے لگی جبکہ سیالکوٹ، فیصل آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری اور عام لوگ مشکلات کا شکار ہو گئے، جڑانوالہ، چنیوٹ، اوکاڑہ ، گجرات میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کر گئی شہریوں نے شدید احتجاج کیا جبکہ نیشنل الیکٹرک پاور کمپنی (نیپرا) نے ملک بھر میں جاری غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ پر سخت نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے پاور پلانٹس سے پیداوار میں کمی کے باعث لیسکو سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیاں لوڈ شیڈنگ کر رہی ہیں ۔ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عید الفطر کیلئے ریڈ ی میڈ گارمنٹس اور دیگر مصنوعات کے آرڈر تیار کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ چھوٹی صنعتیں بھی بری طرح متاثرہو رہی ہیں۔ لیسکو ترجمان کے مطابق پیداوار میں کمی کے باعث طلب کے مطابق بجلی میسر نہیں آرہی، طلب اور رسد میںکے فرق کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے۔ لوڈشیڈنگ مینجمنٹ سسٹم کی حفاظت کے پیش نظر کی جارہی ہے ،مجموعی پیداوار بہتر ہوتے ہی لوڈمینجمنٹ ختم ہوجائے گی۔ ادھر گیپکو کی طرف سے ریجن بھر کے شہری اور دیہی علاقوں ماڈل ٹائون، سیٹلائٹ ٹائون، پیپلزکالونی، سول لائن، نوشہرہ روڈ، حافظ آباد، کنگنی والا، وحدت کالونی، گرجاکھ، باغبانپورہ، اوردیگر علاقوں میں ایک ایک گھنٹہ کے وقفے سے ہونے والی لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 14گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ چھانگا مانگا ، ننکانہ میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کے کاروبار بری طرح تباہ ہوکر رہ گئے۔ نارنگ منڈی میں بھی 3،3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہونے لگی۔ ادھر حافظ آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ بھکھی، صفدرآباد، ایمن آباد میں گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام سٹپٹا اٹھی، موجودہ صورتحال پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔ ادھر ترجمان نیپرا اتھارٹی کے مطابق نیپرا نے ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین ڈسکوز کیخلاف متعلقہ ریجنل دفاتر میں شکایات درج کروا سکتے ہیں ، صارفین سے گزارش ہے کہ وہ جامع تفصیلات کے ساتھ شکایات درج کروائیں، تقسیم کارکمپنی کیخلاف غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ڈی او، ایکس ای این، ایس ای اور سی او کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔