پرویزالٰہی اپنی، ہم اپنی جنگ لڑیں گے ، حمزہ : جگنو محسن ن لیگ میں شامل
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ترین گروپ سے ملاقات ہوئی ہے اور یہ ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں ترین گروپ، چھینہ گروپ، سب عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں پرویز الٰہی ایوان مین اپنی جنگ لڑیں گے، ہم اپنی جنگ لڑیں گے۔ مسلم لیگ ن نے وفاق یا پنجاب میں ایک پیسے کی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ موصوف کہتے تھے کہ میں انہیں دیکھ لوں گا، غرور کا سر ہمیشہ نیچا ہوتا ہے۔ آج مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، چار سال تک ہم انتقام سہتے رہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس عددی اکثریت سے بھی زیاد ووٹ ہیں، قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں آزاد رکن اسمبلی جگنو محسن نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ جگنو محسن پی پی 184 سے 2018ء میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے خوش اسلوبی سے بلایا۔ اس پارٹی میں شامل ہورہی ہوں جہاں ہمیشہ جمہوریت کا تسلسل رہا۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام کی حکمرانی کیلئے فیصلہ کروں۔ حمزہ شہباز کی جانب سے جگنو محسن کی شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے حلقہ پی پی184سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات کی تھی۔