ایف پی سی سی آئی‘ لاہور چیمبر پرویز الٰہی کے حامی‘ انجمن تاجران (ن) لیگ کو سپورٹ کر رہی
لاہور (فاخر ملک) پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی نشست کے لئے مقابلہ دلچسپ صورت اختیار کر گیا ہے۔ بزنس کمیونٹی اس وقت دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے۔ فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ عہدیدار چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ دیکھنا چاہتے ہیں۔ آف دی ریکارڈ گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال میں مفاہمت کے ساتھ سیاسی تنائو میں کمی لانے کے لئے چوہدری پرویز الٰہی سے بہتر کو ئی چوائس نہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کا تاجر ونگ بھی چوہدری پرویز الہی کا حامی ہے۔ تاہم آل پاکستان انجمن تاجران کا خیال اس کے بر عکس ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں کے دوران پنجاب کے حکمرانوں نے ربڑ سٹمپ کا کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجہ میں پنجاب ترقی کی وہ مثال سامنے لانے میں ناکام رہا جس کی بنیاد شہباز شریف نے مسلسل خدمت کی صورت میں رکھی۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے سب سے اہم نکتہ خوشگوار کاروباری اور سیاسی طور پر پرامن ماحول ہے۔ ماضی میں چوہدری پرویز الہی نے مفاہمانہ سوچ کو پروان چڑھایا۔ ان کے دور میں پنجاب نے نمایاں ترقی کی اور لوگ ان کے دور کو آج بھی یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی میں صوبہ کو چلانے کے لئے بے پناہ پوٹینشل موجود ہے اور سیا سی تجربہ اس صوبہ کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس کے مقابل آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر کا کہنا ہے کہ تاجروں کی اکثریت مسلم لیگ ن کی حامی ہے اور گزشتہ سالوں کے دوران ہونے والے الیکشن خواہ وہ کسی بھی سطح پر ہوں وہ نواز شریف اور شہباز شریف کی حمایت کرتے نظر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود سیاسی عناصر نے نفرت بڑھائی ہے۔ آج ہر گھنٹے کے بعد لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے حالانکہ ملک میں 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے۔ ان حالات میں مسلم لیگ کی قیادت ہی ملکی مسائل حل کرنے کی واحد آپشن ہے اور تاجر یقینی طور پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔