وزارت قانون مل رہی ، شہباز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست کروں گا : فواد چودھری
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انہیں وزارت قانون کا قلمدان مل رہا ہے، کل ہی عدالت سے درخواست کروں گا کہ شہباز شریف کی ضمانت مسترد کی جائے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بہت لوگوں کیخواب چکنا چور ہونے ہیں شہبازشریف کا وزیراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی ہونا ہے۔ عدالت سے ضمانت پر بیٹھا شخص وزیراعظم کا امیدوار ہے باپ وزارت عظمی اور بیٹا وزارت اعلی کا امیدوار بن بیٹھا ہے دونوں ہی عدالتوں سے ضمانت پر ہیں۔ کسی کو باہر بیٹھ کر پاکستان میں حکومت تبدیل کرنیکی اجازت نہیں دیں گے اتحادیوں کو کہا آئیں شہادتیں دیکھ عالمی سازش کیسے ہو رہی ہے۔ شہبازشریف کو بھی کہا آئیں مراسلہ دیکھ لیں وہ بھی نہیں آئے اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ یہ لوگ سازش کا حصہ ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ غلاماں شریف خاندان کو بھی دیکھ لیں خواجہ آصف پاکستان کا وزیر خارجہ تھا اوردبئی میں تخواہ وصول کر رہا تھا خواجہ آصف کہتے ہیں امریکا اپنی ڈرپ نکال لے تو ہم آگے نہیں چل سکتے، منحرف ارکان کی کس طرح ملاقاتیں ہوئیں نوٹس لیاگیا ہے منحرف ارکان پر قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے، ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیراعظم کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں بتائی۔