ارکان اسمبلی کو سیکورٹی دینے کیلئے کارکنوں کو بلائیں گے عبدالغفورحیدری
اسلام آباد(نا مہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک الائنس(پی ڈی ایم)کے رہنمامولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپنے اراکین اسمبلی کو سیکورٹی دینے کیلئے کارکنوں کو بلائیں گے ،مذہبی طبقے کو پہلے ریاست مدینہ اب امریکہ کا نام لیکر گمراہ کیا جا رہا ہے، حکومت مرض الموت میں مبتلا ہے، کب تک ٹالیں گے ، عمران خان نے این آر او مانگا ہم نے نہیں دیا۔رہنما پی ڈی ایم مولانا عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل عمران خان کی تقریر ہارے ہوئے جرنیل کی تقریر تھی ،توقع تھی وہ لوگوں کو اپنی چار سالہ کارکردگی بتائیں گے، نوکریوں اور میگا پراجیکٹس کی تفصیلات دینگے ،ایک گھنٹے کی تقریر میں کوئی ایسی بات نہیں تھی کہ چار سال میں ملک کو کیا دیا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومتوں کے ایک دوسرے سے تعلقات تلخ و شیریں ہوتے ہیں ،ڈپلومیٹک انداز میں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا جاتا ہے عمران خان نے خط کا جواب جلسے میں دیا امریکہ سے تعلقات اچھے نہیں تھے تو بھی اس نے اور خراب کر دیے ،انہوں نے کہا کہ کل ہماری حکومت آئی تو دنیا کیساتھ امریکہ اور چین کیساتھ بھی تعلقات رکھیں گے امریکہ سے ہمارا اختلاف ہے لیکن تعلقات اتنے خراب نہیں کہ حالات ایسے ہوں عمران خان نے اپنی تقریر میں خط کو اپوزیشن پر ڈال دیا ہے بلوچستان میں 24گھنٹے میں صرف 4گھنٹے بجلی ملتی ہے ٹیوب ویل نہ چلنے سے فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔