پاکستان ترکی جوائنٹ بزنس کونسل کا کردار قابل تعریف ہے : عرفان اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر ) فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ’’ایف پی سی سی آئی‘‘ کے صدر عرفان اقبال شیخ نے پاکستان اور تر کی کے برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایف پی سی سی آئی کی پاکستان ترکی جوائنٹ بزنس کونسل کی مسلسل اور اجتماعی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک دہائی کے بعد دوطرفہ تجارتی حجم1.1 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کر چکا ہے۔ جسے ایف پی سی سی آئی اور کاروباری برادری کی جانب سے ایک بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ نے اقتصادی تعاون تنظیم ’’ای سی او‘‘کے علاقائی اور دیگر ذیلی علاقائی ممالک کو جیو اکنامک ڈائنامکس سے فائدہ اٹھانے کیلئے رکن ممالک کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا تا کہ غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔ ترکی کے کمرشل اتاشی یلد یلدرم نے بزنس ٹو بزنس، چیمبر ٹو چیمبر اور پیپل ٹو پیپل روابط اور باہمی فائدہ مندپارٹنر شپ کو مضبوط تر بنانے کیلئے تا جر برادری کی جانب سے کاروباری سیاحت کا خیرمقدم کیا ہے۔