تیسرا میچ جیتنے کیلئے بابر اعظم کو جلد آئوٹ کرنا ہوگا: مارنوس لابو شین
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین بیٹرمارنس لابوشین نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی اننگز کے ایک ایک منٹ سے لطف اندوز ہوا، البتہ یہ بات افسوسناک ہے کہ یہ اننگز ہمارے خلاف کھیلی گئی۔ یہ ایک بہت اچھی اننگز تھی، میں بابر اعظم کو دیکھ کر اپنے کھیل کو نکھارنے کی کوشش کروں گا۔ 73 گیندوں پر سنچری اننگز کے دوران بمشکل ہی کوئی غلط شاٹ کھیلا، یہ ایک بہت شاندار اننگز تھی۔ امام الحق کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سیریز جیتنے کیلئے تیسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کو جلدی آؤٹ کرنا ہوگا۔ میرے خیال میں اگر ہم انہیں جلدی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ہم مڈل اور لوئر آرڈر کے بیٹرز پر کچھ دباؤ ڈال سکیں گے اور اسی صورت میں ہماری جیت کا چانس ہے۔ بابر نے اپنی بہترین بیٹنگ سے ہمیں میچ سے باہر کردیا اور یہ ایک لاجواب اننگز تھی۔ بچپن کے دوست کے سنچری سکور پر مسرور 27 سالہ بیٹرنے کہا کہ ہم آسٹریلیا میں ساتھ کھیل کر بڑے ہوئے، وہ ہر دوسرے دن میرے گھر ہوتے تھے، وہ ٹرین سے میرے گھر آتے تھے اور ہم اپنے گھر کے پچھلے حصے میں کھیلتے تھے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں بگ بیش کیساتھ ساتھ چار روزہ کرکٹ میں سخت محنت کی بدولت میک ڈرموٹ نے یہ طویل مسافت طے کی اور میں آج ان کیلئے بہت خوش ہوں۔