فیصلہ کن ون ڈے آج ، آسٹریلیا آسان نہیں ، مومینٹم برقرار رکھیں گے : بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا، ایسی جیت سے اعتماد میں اضافہ اور فائدہ ہوتا ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ پلان کے مطابق کھیلا، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، ریکارڈ ساز ہدف کے تعاقب سے جو مومنٹم ملا برقرار رکھیں گے، ہمیں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔بائولنگ میں رنز زیادہ دیئے، بائولرز اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں پارٹنر شپس کا فائدہ ہوا، وکٹیں ہاتھ میں ہوں تو اعتماد ملتا ہے۔میچ میں امام الحق سے یہی بات ہوتی رہی کہ دیر تک کھیلنا ہے، اس جیت سے یقین بڑھے گا، ہم کسی بھی صورتحال میں ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔ کبھی اونچ نیچ ہوجاتی ہے، ٹیم غیر معمولی کھیلی، آسٹریلیا کو بھی کریڈٹ دینا چاہئے۔ امام الحق کو بتایا تھا کہ رن ریٹ نیچے نہیں آنے دینا۔ امام کیساتھ پارٹنر شپ لگائی اور مثبت نتیجہ نکلا۔ہم ایک دوسرے کو بیک کرتے ہیں جو غلطیاں کرتے ہیں اس پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ میچ کے آخری اوورز میں خوشدل اور افتخار نے بہت عمدہ کھیلا ہے۔بیٹر امام الحق کا کہنا تھا کہ لاہور میں کھیلنا اور سنچری کا خواب تھا جو پورا ہوا۔ ایسی جیت ٹیم کیلئے بہت اچھی ہوتی ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ریکارڈ ساز فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 114 اور امام الحق نے 106رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں سنچری میکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں انہیں آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے سے متعلق بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارا یہی پلان تھا کہ جس طرح فخر اور امام نے اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی اسے آگے بڑھائیں گے۔آسٹریلیا کیخلاف اپنا نیچرل گیم کھیلا لیکن بعض اوقات آپ کو رن ریٹ کے حساب سے تھوڑا متحرک رہنا پڑتا ہے، میری اور امام کی شراکت داری بہت اہم تھی۔ بطور کپتان جیت پر خوشی ہوتی ہے، اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن ہم نے طے کر رکھا ہے کہ کسی کو بھی اس کی پرفارمنس پر پوائنٹ آؤٹ نہیں کریں گے اور اکھٹے رہیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ ٹیم کیلئے جتنا اچھا ہو سکے وہ کریں اور اللہ نے جب کرانا ہوتا ہے تو کرا دیتا ہے، اس جیت کی ہمیں بہت زیادہ ضرورت تھی اور بطور ٹیم ہم سب اس پر بہت خوش ہیں۔قومی بیٹر کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑیوں کی آپس میں اچھی انڈر سٹینڈنگ ہو تو آف دا فیلڈ گفتگو آن دا فیلڈ بھی کام آتی ہے۔بابر اعظم اور امام الحق نے لاہور کے کراؤڈ کا زبردست سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آگے بھی کراؤڈ اسی طرح سپورٹ کرے گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ آج قذافی سٹیڈیم میں دن تین بجے شروع ہوگا۔