محصولات میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر عوامی تائید کا ثبوت ہے،ہاشم جواں بخت
لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معاشی اعتبار سے صوبے کی مستحکم ترین حکومت ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کی جانب سے ایک سال کے دوران ترقیاتی فنڈز میں 100ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے بھی مثبت نتائج دیکھے جا رہے ہیں۔ پبلک فنانس مینجمنٹ سسٹم میں اصلاحات صوبے کی معاشی صورتحال کو مزید بہتر بنا رہی ہیں۔ کروناکے دوران ریلیف کے باوجود صوبے کے ذاتی محصولات میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر عوامی تائید کا ثبوت ہے۔ مہنگائی کا تعلق کروناکے دوران عالمی سطح پر پیدا ہونے والے بحران سے ہے نا کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی سے۔ تحریک انصاف کے دور میں پہلی بار مہنگائی سے نمٹنے کے لیے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھتے ہوئے مارچ کے مہینے میں 13.03ارب روپے اکٹھے کر کے پچھلے سال جولائی سے مارچ تک اکٹھے ہونے والے محصولات میں 16فیصد اضافہ ریکارڈ کرایا ہے جو بلاشبہ حکومت کی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ اتھارٹی اس سال بھی اپنے مقررہ ہدف سے زائد ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب رہے گی۔