شعبہ زراعت میں ویلیو ایڈیشن: فیصل آباد چیمبر جامع پالیسی ترتیب دیگا
فیصل آباد(اے پی پی ) ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد اس وقت ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 45فیصد کا حصہ ڈال رہا ہے جبکہ مجموعی معیشت میں اس کا حصہ 22فیصد ہے اور کپڑے کی ملکی ضروریات کا 80فیصد بھی یہی شہر پورا کر رہا ہے اورچونکہ شعبہ زراعت میں ویلیو ایڈیشن کی اشد ضرورت ہے۔ لہٰذا اس کیلئے فیصل آباد چیمبر ایک جامع پالیسی ترتیب دے رہا ہے، جس کیساتھ ساتھ برآمدات بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر مختلف ملکوں کیلئے تجارتی وفود بھیج رہا ہے اور اس وقت بھی ایک وفد سپین گیا ہوا ہے۔ جبکہ یو کے اور ترکی کے وفود پائپ لائن میں ہیں،علاوہ ازیں فیصل آباد کے دو سپیشل اکنامک زونزمیں 65غیر ملکی جبکہ 170ملکی سرمایہ کاری سے یونٹ قائم ہو چکے ہیں اور غیر ملکی یونٹوں میں چین کے علاوہ یورپین یونین، ترکی اور ملائیشیا کے سرمایہ کار شامل ہیں ،یہی نہیں بلکہ ترک ٹیکنالوجی سے ریلا چیز(پنیر) کا کارخانہ بھی قائم کیا جا رہا ہے کیونکہ قبل ازیں پاکستان سو فیصدچیزدرآمد کر رہا تھا۔ لیکن اس یونٹ کے قیام سے ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ فاضل پیداوار کو برآمد بھی کیا جا سکے گا۔مڈ کیئر کورس کے شرکا سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ہی صنعتکاروں کے ایک اجلاس میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ لیجنڈ فنڈ قائم کیا گیا ہے جو سیالکوٹ ماڈل کے طرز پر بڑے بڑے منصوبے کمرشل بنیادوں پر چلائے گا۔