• news

اسلامی بینکاری: اثاثوں میں 1.3 کھرب روپے کا  اضافہ


کراچی ( کامرس رپورٹر) 2021ء میں اسلامی بینکاری اثاثوں میں 1.3 کھرب روپے کا تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا۔سٹیٹ بنک کے مطابق  سال 2021ء میں اسلامی بنکاری صنعت نے نئی بلندیوں کو چھو لیا۔اسلامی بنکاری کے اثاثے 5 کھرب روپے کی حد کو عبور کرکے تاریخ کے بلند ترین 1308 ارب روپے اضافہ کیساتھ 5577 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیپازٹس 822 ارب روپے اضافہ کیساتھ 4211 ارب روپے تک جاپہنچے ہیں۔اسلامی بنکاری صنعت کے اثاثوں میں 2021ء میں 30.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اسلامی بنکاری ڈیپازٹس اسی عرصے میں 24.2 فیصد بڑھے۔دسمبر 2021ء تک اسلامی بنکاری اثاثوں اور ڈیپازٹس کا حصہ مجموعی بنکاری صنعت میں بالترتیب 18.6 فیصد اور 19.4 فیصد بڑھ گیا۔اسلامی بنکاری صنعت کے اثاثوں میں اضافہ نجی اور سرکاری شعبے دونوں کی سرمایہ کاری سے ممکن ہوا۔2021ء کے دوران اسلامی بنکاری صنعت کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری میں 716 ارب روپے (38.1 فیصد) کا اضافہ درج کیا گیا جو ایک سال کے دوران اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ بھی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیپازٹس میں اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ 2021 ء کے دوران 500 نئی اسلامی بنکاری برانچوں کے اضافہ سے ملک میں اسلامی بنکاری خدمات کی دستیابی میں اضافہ ہوگیا ہے۔اب 125 اضلاع میں برانچوں کی کل تعداد 3956 ہے جو ملک بھر میں موجود کمرشل بینکوں کی کل برانچوں کی تعداد کا تقریباً 25 فیصد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن