عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری، معاونین خصوصی نے دفاتر خالی کردیئے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ملکی سیاست کی بدلتی صورتحال اور متوقع اقتدار کی تبدیلی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اور معاونین خصوصی نے دفاتر خالی کردیئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ااعظم خان نے دفتر سے تما م ضروری سارا سامان اٹھالیا ہے اعظم خان نے دفتر میں رکھا سامان اور دستاویزات گزشتہ رات اپنے گھر پشاور منتقل کیں،وزیراعظم عمران خان اپنے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو پہلے ہی ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دے رکھی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم آفس میں معاونین خصوصی نے بھی دفاتر خالی کر دئیے اور اپنا سامان گھروں میں منتتقل کرنا شروع کردیا ہے،واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی جس میں اپوزیشن نے اپنی یقینی فتح کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ عمران خان کی نئی حکمت عملی کے تحت بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ’’عدم اعتماد ‘‘ ناکام ہوگی۔