نمبر گیم میں واضح سبقت ، پہلا روزہ کامیابی کی نوید لائیگا : پرویز الہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو کامیاب کرانے کے عزم کااعادہ کیاگیا ہے جبکہ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نمبر گیم میں واضح سبقت حاصل ہے اور رمضان المبارک کا پہلا روز ہماری فتح کی نوید لے کر آئے گا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، وفاقی وزیر شفقت محمود، سینٹر اعجاز چوہدری، سابق صوبائی وزراء اور ارکان پنجاب اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ نون، چھینہ گروپ اور ترین گروپ کے اراکین پنجاب اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری کی بھی واپسی ہوئی، انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی صوبے کے عوام کیلئے خدمات کو سراہا جبکہ سردا ر عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ چوہدری پرویز الہٰی کی کا میابی ہم سب کی کامیابی ہے اور میں دل سے دعا گوہوں۔ چوہدری پرویز الہٰی عوام کی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے، ملکر آگے بڑھیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس میں نامزد وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی جیت یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی سے ترین گروپ کے تین ارکان سید رفاقت علی گیلانی، عبدالحئی دستی اور امیر محمد خان نے ملاقات کی اور وزارتِ اعلیٰ کیلئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی بڑے بھائی ہیں ان کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔ عبدالحئی دستی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے چودھری پرویزالٰہی بہترین امیدوار ہیں ان کو ووٹ دوں گا۔ امیر محمد خان نے کہا کہ میں چودھری پرویزالٰہی کو خود بھی ووٹ دوں گا اور ان کیلئے ترین گروپ کے دوسرے ارکان سے ووٹ کی درخواست کروں گا۔