چاند نظر آگیا، پہلا روزہ آج،صدر‘وزیر اعظم کی تمام پاکستانیوں اور امہ کو مبارکباد
لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+نمائندہ خصوصی) ماہ رمضان المبارک 1443ھ کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس دفتر اوقاف ایڈمنسٹریٹر عیدگاہ چارسدہ روڈ پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں وزرات مذہبی امور سے ڈی جی سید مشاہد حسین خالد جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ مولانا فضل الرحیم اشرفی، مولانا حافظ عبدالغفور، حسین اکبر، راغب حسین نعیمی، مولانا محمد یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی علی اصغر عطاری، علامہ سید علی کرار نقوی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مفتی فیصل احمد، مفتی یوسف کشمیری، مفتی قاری مہراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، مفتی فضل جمیل رضوی، مولانا اسد زکریا قاسمی، پیر سید شاہد علی جیلانی اور زونل رویت ہلال کمیٹی پشاورکے ممبران مولانا احسان الحق، قاری عبدالرؤف مدنی، مولانا مفتی فضل اللہ، مولانا احمد علی شاہ، مولانا سید عبدالبصیر شاہ اور مہمانان گرامی میں مولانا محمد طیب قریشی، مفتی عتیق اللہ قادری، قاری روح اللہ مدنی اور علامہ عابد حسین شاکری اور دیگر موجود تھے۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقامات سے چاند کے نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ جن میں لاہور، نارووال، اسلام آباد، سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، کھاریاں، مظفر گڑھ و دیگر مقامات پر چاند نظر آ گیا ہے۔ لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رمضان المبارک آج 3 اپریل 2022ء بروز اتوارکو ہو گی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو، ہم نے اللہ کی مدد سے پاکستانی عوام کو ایک روزے کے ساتھ وحدت کا پیغام دیا ہے۔ آج پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہم کسی مسلکی تناؤ کے بغیر ایک ہی دن پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز کر رہے ہیں۔ فلسطین وکشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر پیغام میں کہا کہمیں اپنی اور میری حکومت کی طرف سے تمام پاکستانیوں اور پوری مسلم اْمہ کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔رمضان کا مقدس مہینہ ہمیں اپنی خواہشات پر قابو پانے اور ایسے کام جو عام مہینوں میں جائز ہیں ان سے بھی باز رہنے کا درس دیتا ہے۔یہ رمضان خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہمیں نیکی اور بدی کے درمیان کشمکش کا سامنا ہے۔ اللہ تعالی نے ہمیں صحیح اور غلط میں سے درست انتخاب کرنے کے لیے ضمیر کا عظیم تحفہ دیا ہے۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر یعنی نیکی کا حکم دینے اور برائی سے منع کرنے کی ہدایت انسان کو دوسری مخلوقات سے ممتاز کرتی ہے۔میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ میں نے ریاست مدینہ کے ماڈل پر ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی جہاں ہر شہری کو عہدے، دولت، ذات پات اور نسل کی تمیز کئے بغیربرابر کے حقوق حاصل ہوں اور جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔اس موقع پر میں تمام اہل ایمان سے گزارش کرتا ہوں کہ برائی پر نیکی کا انتخاب کریں اور خود کو برائیوں سے روکتے ہوئے ثابت قدم رہیں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ رمضان تمام مسلمانوں اور ہمارے پیارے ملک کے لیے امن، خوشی اور اطمینان کا باعث ہو۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک 1443ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے کی پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رحمتوں، عظمتوں اور مغفرتوں والا ماہ مقدس نصیب کیا ہے۔ روزہ صرف بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ تمام منکرات سے بچنے کا نام ہے۔ غیبت، گالی گلوچ، مکروفریب، رشوت جیسے سارے ہی گناہوں سے بچ کر تقویٰ کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔