پنجاب اسمبلیی توڑنے کی سوچ نہیں ، چودھری سرور بھائی ، کچھ بھی کہتے رہیں : پرویزالٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) نامزد وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے ارکان کو لینے گئے تھے واپسی پر (ن) لیگ کے لوگوں نے دھاوا بول دیا۔ اپوزیشن نے اسمبلی میں ہنگامہ کیا اور اجلاس ملتوی کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا، ہمارے نمبرز پورے ہیں، 6اپریل کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، علیم خان اور جہانگیر ترین فارغ ہو گئے ہیں، (ن) کو سمجھ لگ گئی یہ اب نہیں ہیں، علیم خان سوسائٹیوں کا کام کریں، ترین صاحب لندن میں آرام کریں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں راجہ بشارت، حافظ عمار یاسر اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہمیں کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوںنے کہا کہ چوہدری سرور سے میرے دیرینہ تعلقات ہیں اس لئے وہ میر ے بھائی ہیں، وہ جو مرضی کہتے رہیں میں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے چوہدری سرور کے بیان کے حوالے سے کہا کہ ہمیں تو اصل بندہ نہیں مل رہا تھا جب اصل بندہ مل گیا تو ہم نے کہا کہ یہ آپ کا کام نہیں ہے، وزیر اعظم کو مجھ پر احسان کئے ہوئے ابھی 6دن ہوئے ہیں، آپ ساڑھے تین سال سے گورنرشپ انجوائے کر رہے تھے اورکیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی کوئی سوچ بھی نہیں ہے، 18ویں ترمیم کے بعد یہ صوبوں کا اختیار ہے۔ چودھری سرور کا کیا مستقبل ہے یہ اللہ کو پتا ہوگا، ان کو رات کو الہام تو نہیں ہوا کہ ہمارے نمبرز پورے نہیں، 6 اپریل کو پورا نقشہ سب کے سامنے ہوگا۔ (ن) لیگ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتی ہے لیکن یہ بھی کرتے ہیں کہ دوسروں کا مینڈیٹ بغل میں دبا کر بیٹھ جائو۔